کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری، حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری

کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری، حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، قومی سلامتی ...
کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات جاری، حتمی فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری
سورس: File

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق سیاسی وعسکری قیادت کا قومی سلامتی پر اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس  کی صدارت کی جب کہ عسکری اور سیاسی قیادت نے اجلاس میں شرکت کی۔قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کی جانب سے ملکی سلامتی   کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی  گئی۔ملک کو داخلی اور خارجہ سطح پر لاحق خطرات اور ان کے تدارک کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں تفصیلات اور تمام پس منظر  سے آگاہ کیاگیا۔

اعلامیے کے مطابق افغان حکومت کی سہولت کاری سے ٹی ٹی پی کےساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے، سول اور فوجی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی  آئین پاکستان کے دائرے میں بات چیت کررہی ہے، حتمی فیصلہ آئین کی روشنی میں پارلیمنٹ کی منظوری سے ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی بدولت ملک بھر میں ریاستی عملداری اور معمول کی زندگی کی واپسی کو یقینی بنایا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو دنیا نے تسلیم کیا،  آج پاکستان کے کسی حصے میں بھی منظم دہشت گردی کا کوئی ڈھانچہ باقی نہیں رہا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ  پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا،امید ہے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -