الحمراء،عید فوک میلہ عوام کی اُمنگوں کی آواز بن گیا

 الحمراء،عید فوک میلہ عوام کی اُمنگوں کی آواز بن گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(فلم رپورٹر)ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء سارہ رشید نے عید فوک میلہ کے حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ الحمرا کی خدمات کی بدولت ثقافتی اقدار کا مستقبل روشن ہے،مذہبی، قومی و ملی،ثقافتی تہوار بھرپور جوش خروش سے منائے جاتے ہیں،عوام اپنے من پسند پروگرامز میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرتے ہیں۔انھوں نے کہا الحمراء کلچرل کمپلیکس میں عید فوک میلہ عوام کی اُمنگوں کی آواز بن گیا،لوگوں نے ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے،پیار و محبت کی روایات کو فروغ ملا، عوام کی عید ملن تقریب کا منظر لاجواب تھا۔عیدفوک میلہ الحمراء کلچرل کمپلیکس کے سرسبز و شاداب فضا ء جیسے خوبصورت مقام پر واقع ہال نمبر 1میں منعقد ہوا،فوک فنکاروں کی پرفارمنس دیکھنے والوں کو تادیر یاد رہے گی، میلہ میں نامور گلوکار فضل جٹ، شبانہ عباس،عمران شوکت اور میمونہ ساجد و دیگر نے پرفارم کیااور تقریب کو رونق بخشی۔عید کے موقع پر عوام کے الحمرا کے اس اقدام کوسراہا، ڈائریکٹر پروگرامز نوید الحسن بخاری نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے الحمراء انتظامیہ کی بلاتعطل پروگرامز پیش کرنے کی کوششیں جاری ہیں،جن کے نتیجے میں خوبصورت سماج پھل پھول رہا ہے الحمراء مستقبل میں بھی اسی طرح فن و فنکار کو منظر عام پر لانے کے لئے کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

مزید :

کلچر -