شکارپور میں رشتے کے تنازع پر 3 بھائیوں کو قتل کردیا گیا
شکارپور (این این آئی)سندھ کے شہر شکار پور کے قریب مسلح افراد نے رشتے کے تنازع پر گھر پر حملہ کرکے 3 بھائیوں کو قتل کردیا۔شکارپور کے ماڑی تھانے کی حدود میں مسلح افراد کی جانب سے رشتے کے تنازع پر گھر پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 3 بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی گئی۔پولیس کا کہنا تھا کہ بروہی برادری میں رشتے کے پرانے تنازع پر مسلح افراد نے گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں حبیب اللہ بروہی، امان اللہ اور نصر اللہ بروہی جاں بحق ہوئے۔پولیس نے تینوں افراد کی میتوں کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں پولیس نے شروع کر دی ہیں۔