ورلڈ کپ ما رٹن گپٹل نے 237رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ورلڈ کپ ما رٹن گپٹل نے 237رنز بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ویلنگٹن( سپورٹس رپورٹر) مارٹن گپٹل نے ویلنگٹن میں شاندار بلے بازی کی بدولت کئی ریکارڈ اپنے نام کر لئے۔ ورلڈ کپ مقابلوں کی سب سے بڑی انفرادی اننگز، ناک آؤٹ مرحلے اور نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری کا اعزاز کیوی اوپنر کے نام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف کوارٹر فائنل میں مارٹن گپٹل نے طوفانی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 163 گیندوں پر 11 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 237 رنز تراشے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح انہوں نے ورلڈ کپ میں سب سے بڑی اننگز کا کرس گیل کا ریکارڈ توڑ ڈالا جو انہوں نے اسی ورلڈ کپ کے گروپ سٹیج میں زمبابوے کے خلاف 215 رنز بناکر قائم کیا تھا۔ یہ ون ڈے کی تاریخ کا دوسرا بڑا انفرادی سکور ہے جبکہ بھارت کے روہیت شرما 264 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ گپٹل نے ناک آؤٹ سٹیج کی بھی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ ون ڈے کی تاریخ میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے دنیا کے پانچویں اور نیوزی لینڈ کے پہلے بلے باز ہیں۔ بھارتی بلے باز روہیت شرما کو ون ڈے میں دو ڈبل سنچریاں بنانے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی