کوارٹر فائنل کیویز کالی آندھی کواڑاکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے

کوارٹر فائنل کیویز کالی آندھی کواڑاکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے

ویلنگٹن ( افضل افتخار سے ) آئی سی سی ورلڈ کپ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ نے مارٹن گپٹل کی تاریخ ساز اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنا لی۔ اوپنر مارٹن گپٹل کے 237 رنز کی بدولت کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم مشکل ہدف کے تعاقب میں 31 ویں اوور میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کرس گیل نے نصف سنچری بنائی۔ ٹرینٹ بولٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ گپٹل کو مرد میدان قرار دیا گیا چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ کیوی ٹیم نے مارٹن گپٹل کی تاریخی اننگز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز بنائے دیگر بلے بازوں میں روس ٹیلر 42 ، کین ولیمسن 33 اور گرانٹ ایلیٹ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیروم ٹیلر نے تین اور اینڈرے رسل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 30.3 اوورز میں 250 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کرس گیل 61 اور کپتان جیسن ہولڈر 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جونسن چارلس 3 ، لینڈل سمنز 12 ، مارلن سیموئلز 27 ، دنیش رامدین صفر، جوناتھن کارٹر 32 ، ڈیرن سیمی 27، اینڈرے رسل 20 اور جیروم ٹیلر 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے چار جبکہ ٹم ساؤدی اور ڈینیئل ویٹوری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی