رام اللہ، اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد ، پانچ فلسطینی زخمی
رام اللہ (این این آئی) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں اسرائیلی فوجیوں کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں دو فلسطینی بچے شدید زخمی ہوگئے جبکہ ایک بچے سمیت تین دیگر افراد رام اللہ میں ایک احتجاجی ریلی کے دوران صہیونی فوج کے لاٹھی چا رج اور آنسو گیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔ صہیونی فوجیوں نے 11سالہ بچے یوسف عطوان کو جنوبی بیت لحم میں الخضرسٹیڈیم کے قریب اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ وہاں پر کھیل رہا تھا، تشدد سے بچے کو گہرے زخم آئے ،مجروح کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ادھر رام اللہ میں اسرائیلی توسیع پسندی کیخلاف نکالی گئی ریلی پراسرائیلی فوج نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 13 سالہ اسامہ ایاد بریجیہ زخمی ہوگیا۔ ادھر مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقلیہ کے نواحی علاقے کفر قدوم میں نکالی گئی ایک ریلی کے شرکاء پر بھی صہیونی فوجیوں کے تشدد کے نتیجے میں ایک صحافی سمیت تین دیگر شہری بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ فلسطینی شہر تیرہ سال سے بند شاہراہ کھولنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ان پر اندھا دھند آنسو گیس کی شیلنگ اور صوتی بم پھینکنے شروع کردیئے۔