تیونسی عجائب گھر پر حملہ دہشتگردی ہے، حماس

تیونسی عجائب گھر پر حملہ دہشتگردی ہے، حماس

 تیونس(آئی این پی) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے تیونس میں باردو عجائب گھر پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل ہونے والے اس حملے میں کم سے کم بیس افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تیونس میں عجائب گھر پر حملہ اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیا دونوں قابل مذمت ہیں۔ فلسطینی عوام دہشت گردی کے اس واقعے پر تیونسی قوم کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مجرمانہ دہشت گردی قرار دے رہی ہے۔ حماس نے دہشت گردی کے واقعے میں مارے جانے والے تیونس اور دوسرے غیر ملکی شہریوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تیونس کے سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کی نشاندہی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے۔

مزید : عالمی منظر