تمام اضلاع میں ای سہولت مرکز قائم کئے جائیں گے،ڈاکٹر عمر سیف

تمام اضلاع میں ای سہولت مرکز قائم کئے جائیں گے،ڈاکٹر عمر سیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لا ہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ہر ضلع میں ای سہولت مرکز کے قیام کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے پہلے فیز میں ہر ڈویژن میں ایک ایک جبکہ لاہور میں دو ای سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس میں بتایا کہ راولپنڈی میں پہلے سہولت مرکز نے گزشتہ ماہ کام شروع کیا تھا جہاں اب تک ہزاروں درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے زیادہ تر پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کا جناح ٹاؤن ہال اور دوسراارفع کریم ٹاور والا مرکز رواں سال اگست تک کام شروع کر دے گا۔ ڈاکٹر عمر سیف نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال ، ملتان، بہالپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی رفتار تسلی بخش ہے کیونکہ حکومت نے رواں مالی سال میں 23کروڑ روپے کے فنڈ اس منصوبے کے لئے اضلاع کو جاری کیے تھے جن میں سے 82فیصد یعنی 19کروڑ روپے سے زائد خرچ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای سہولت مرکز میں ڈومی سائل، ڈرائیونگ لائسنس، پیدائش و اموات سرٹیفکیٹ ، نادرا کی ای سہولت ،شادی و طلاق سرٹیفکیٹ ،شناختی کارڈ، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، گاڑیوں کی رجسٹریشن، گاڑی کی ملکیت کی منتقلی، روٹ پرمٹ ،گاڑی کے جرمانے کی ادائیگی اورزمین کی فرد ملکیت کے حصول جیسی تمام سہولیات ایک ہی جگہ مل رہی ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ اس مرکز میں لوگوں کے کام شفافیت ، بغیر سفارش کے اور تیزی سے ہو رہے ہیں۔ گذشتہ دنوں راولپنڈی کے ایک شخص اقتدار حسین کو ڈومی سائل تیار ہونے کی اطلاع ایس ایم ایس پر دی گئی ، اسے جب ڈومی سائل وقت پر اور بغیر کسی کو پیسے دیے ملا تو وہ باقاعدہ وہاں گلدستہ لیکر آیا۔