وزیر تجارت خرم دستگیر خان اگلے ماہ کوریاکادورہ کریں گے

وزیر تجارت خرم دستگیر خان اگلے ماہ کوریاکادورہ کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد (بیورورپورٹ) وزیر تجارت خرم دستگیر خان اگلے ماہ کوریاکادورہ کریں گے جبکہ اس موقع پر کوریااور پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر بھی بات چیت کی جائے گی ۔ کوریا نے سیول میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں فیصل آباد کے تاجروں کو بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے اور کہاہے کہ اس ضمن میں فیصل آباد کے صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، درآمدی ، برآمدی شعبہ سے منسلک افراد کو کورین حکومت کی جانب سے تمام ممکن سہولیات و مراعات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ کوریا کے زیادہ سے زیادہ کاروباری دورے کرکے وہاں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائشوں اور سیمینارز میں شرکت کرکے دوطرفہ تجارت بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکیں۔ پاکستان میں کوریا کے سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان نے ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے دورہ کے دوران کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان دو طرفہ تجارت میں منفی رجحان کو روکنے کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی فوری ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کا فیصل آباد چیمبر کا دوسرا دورہ ہے جس سے انہیں فیصل آباد کی معاشی اہمیت کو سمجھنے میں بھی مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پاکستان کی برآمدات میں سر فہرست ہیں اور یہ خوشی کی بات ہے کہ ٹیکسٹائل کی 70 فیصد مصنوعات فیصل آباد سے برآمد ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے باوجود گزشتہ 2 سالوں سے دو طرفہ تجارت میں کمی ہو رہی ہے اس کمی کو روکنے کیلئے فری ٹریڈ ایگریمنٹ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی حکومت کو اس ایگریمنٹ کی اہمیت اور ضروریات سے آگاہ کر دیا ہے جبکہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو بھی اس ایگریمنٹ کیلئے اپنی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال تجارت اورسرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان اور کوریا کے درمیان ایک مفاہمتی یاد داشت پر بھی دستخط ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود فری ٹریڈ ایگریمنٹ ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے وزیر تجارت خرم دستگیر عنقریب کوریا جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس میں دونوں ملکوں کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر بھی بات چیت ہوگی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے کاروباری افراد میں باہمی رابطوں کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ سیول میں بہت سی نمائشوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں فیصل آباد کے تاجروں کو اپنی متعلقہ فیلڈ کی نمائش یا سیمینار میں ضرور شرکت کرنی چاہیے کیونکہ اس سے دونوں ملکوں میں تجارت کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کا وفد کوریا بھیجنے کا بھی خیر مقدم کیا اور اس سلسلہ میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید :

کامرس -