فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی اگلے ماہ سے شروع کرنے کافیصلہ
فیصل آباد( بیورورپورٹ)پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک اپریل سے فصلات خریف کیلئے قرضوں کااجراء شروع کرے گااور امداد باہمی کی تنظیموں سمیت ان کے ممبران و چھوٹے کاشتکاروں کو سوا دو ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کئے جائیں گے تاکہ کاشتکار ان قرضہ جات سے بیج ، کھاد ، زرعی ادویات اور دیگر ضروری اشیاء خرید کر زیادہ سے زیادہ فصلات کی کاشت یقینی بناسکیں۔ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے کہاکہ جہاں فصلات خریف کیلئے نئے قرضے اگلے ماہ جاری کئے جائیں گے وہیں فصلات ربیع کیلئے فراہم کئے جانیوالے قرضوں کی وصولی بھی شروع کردی جائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کی تمام برانچز کے حکام کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور کہاگیاہے کہ وہ بینک کی پالیسی اور حکومتی ہدایات کی روشنی میں قرضوں کی فراہمی اور سابقہ قرضوں سمیت بقایاجات کی وصولی کے ضمن میں کسی کوتاہی کامظاہرہ نہ کریں۔ انہوں نے بتایاکہ بہترین کارکردگی کے حامل سٹاف ممبران و افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ وہ مزید دلجمعی کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی سرانجام دہی جاری رکھ سکیں۔