خیبر آپریشن ٹو میں 80دہشت گرد ہلاک، 100سے زائد زخمی ہوئے ، آئی ایس پی آر

خیبر آپریشن ٹو میں 80دہشت گرد ہلاک، 100سے زائد زخمی ہوئے ، آئی ایس پی آر

 راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک ،اے این این)پاک فوج نے کہا ہے کہ خیبر آپریشن ٹو کامیابی سے جاری ہے، آپریشن کے پہلے مرحلے میں 80 دہشت گرد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوئے ، دہشت گردوں کو بھاری نقصان بھی پہنچایا گیا ،سکیورٹی فورسز اب افغان سرحد کے قریبی علاقوں کی جانب پیش قدمی کررہی ہیں، آپریشن کے دوران سات اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم باوجوہ نے بتایا کہ خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کوجڑوں سے اکھاڑاجارہاہے اور خیبرآپریشن ٹو اور ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، خیبر ٹو کے دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک 80دہشت گرد مارے گئے اور 100سے زائد زخمی ہوئے اس دوران سات سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی فورسزافغان بارڈرکے قریبی علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ افغان سرحد کی صورتحال بھی بہتر ہوتی جارہی ہے ، پاک فوج وطن عزیز اور قوم کی سلامتی کیلئے دہشتگردی کیخلاف جو جنگ لڑ رہی ہے اس میںآخری حد تک جائیں گے اور دہشت گردوں کاصفایا کرکے ہی دم لیں گے۔

مزید : علاقائی