عمران خان کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ،افتخار چوہدری کے 5وکلاء نے وکالت نامے جمع کر ادئیے

عمران خان کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ،افتخار چوہدری کے 5وکلاء نے وکالت نامے جمع ...

 اسلام آباد/پشاور(اے این این) عمران خان کے خلاف ہتک عزت دعوے میں سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے مزید پانچ وکلا نے وکالت نامے جمع کرا دیئے ، عدالت نے دائر درخواستوں پر فریقین کو تیس مارچ تک بحث مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ ہفتہ کوڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد تنویر میر نے بطور ڈیوٹی جج عمران خان کیخلاف افتخار چودھری کی جانب سے دائر ہتک عزت دعوے کی سماعت کی۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے نئی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ چودہ مارچ کے حکم میں انکی موجودگی اور گزارش کو نہیں لکھا گیا، ان کے جونیئر وکیل دلائل دینے کے لیے تیار ہیں ۔ عدالت کے روبرو سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی جانب سے مزید پانچ وکلا نے وکالت نامے جمع کرائے ۔ ان کے وکیل شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہتک عزت دعوے کا فیصلہ نوے دن میں ہونا چاہئے ۔ دو ماہ گزرنے کے باوجود کیس میں پیشرفت نہیں ہوئی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو درخواستوں پر بحث مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت تیس مارچ تک ملتوی کر دی ادھر پشاور میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے عمران خان کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کیس کی سماعت چار اپریل تک ملتوی کر دی ہے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کے خلاف ممبر صوبائی اسمبلی اور قومی وطن پارٹی کے رہنما بخت بیدار خان نے ایک ارب روپے ہرجانے کا دعوی کر رکھا ہے۔

مزید : علاقائی