جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان کانفرنس آج ہو گی

جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان کانفرنس آج ہو گی

 لا ہو ر (پ ر)جماعۃالدعوۃ پاکستان کے زیر اہتمام آج یونیورسٹی گراؤنڈ چوبرجی میں نظریہ پاکستان کانفرنس ہو گی جبکہ کل 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر پانچوں صوبوں وآزاد کشمیرمیں نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیاجائے گاجن میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔جماعۃالدعوۃ کی طرف سے نظریہ پاکستان کے حوالہ سے ہونے والے پروگراموں میں طلباء، وکلاء ، تاجروں، کسانوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ سب سے بڑا پروگرام لاہور میں آج 22مارچ کو یونیورسٹی گراؤنڈ میں ہو رہا ہے جس کیلئے تمام تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح سے بیسیوں مقامات پر سے قافلے ترتیب دیے گئے ہیں جہاں سے لوگ جماعۃالدعوۃ کے تحصیلی ذمہ داران اور مقامی علماء کرام کی قیادت میں پیدل، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار ہوکریونیورسٹی گراؤنڈ پہنچیں گے۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے احیائے نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں ملک بھر میں زبردست تشہیری مہم چلائی گئی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں اشتہارات،بینرز اور ہورڈنگزلگائے گئے ہیں، پمفلٹس تقسیم کئے جارہے ہیں اور کیمپ لگا کر نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں خصوصی طور پر تیار کی گئی ڈاکومینٹری دکھائی جارہی ہیں جس میں قیام پاکستان کے مقاصد اور دوقومی نظریہ کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔جماعۃالدعوۃ کے کارکنان گلی محلوں میں جاکر لوگوں کونظریہ پاکستان کے حوالہ سے ہونے والے پروگراموں میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ چوکوں و چوراہوں اور دیگر پبلک مقاما ت پر موبائل دعوتی پروگراموں کے ذریعہ بھی لوگوں کو نظریہ پاکستان کانفرنسوں اورجلسوں میں شرکت کی ترغیب دی جارہی ہے۔ ملک گیر سطح پر جاری بھرپور تشہیری مہم کی وجہ سے شہریوں کے اندر نظریہ پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ پروگراموں میں شرکت کیلئے زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ لاہورکی طرح گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، اسلام آباد، ملتان، کراچی، بہاولپور،ڈی جی خان، ڈیرہ اسمٰعیل خاں، حیدرآباد، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد اور دیگر شہروں و علاقوں میں بھی نظریہ پاکستان مارچ، جلسے اورکانفرنسیں ہوں گی ۔المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان نے بھی پورے ملک میں احیائے نظریہ پاکستان مہم کے سلسلہ میں ہونے والے پروگراموں میں بھرپور انداز میں شریک ہونے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالہ سے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، دینی مدارس اور دیگر تعلیمی اداروں میں زبردست رابطہ مہم چلائی جارہی ہے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس کاکہنا ہے کہ یونیورسٹی گراؤنڈ چوبرجی میں ہونے والی نظریہ پاکستان کانفرنس میں ہزاروں طلباء شریک ہوں گے۔

مزید : صفحہ اول