محکمہ لائیوسٹاک کا غیرقانونی سلاٹرہاﺅس پر چھاپہ ، ملازمین کاعملے پر تشدد، مردارگوشت برآمد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ لائیوسٹاک نے شاہدرہ پنڈ میں چھاپہ مارکارروائی کرتے ہوئے 350کلوگرام مردار گوشت برآمد کرلیا جبکہ غیرقانونی سلاٹرہاﺅس کے مالکان و ملازمین عملے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد موقع سے فرارہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق شاہدرہ پنڈمیں مردار گوشت بنائے جانے کی اطلاع پر محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیم نے چھاپہ مارا تو وہاں موجود 15سے 20افراد نے ٹیم پردھاوابول دیا اور تشدد کا نشانہ بنایاجبکہ گاڑیاں توڑدیں جس کے بعد تمام لوگ موقع سے فرارہوگئے ۔
ڈسٹرکٹ آفیسر ڈاکٹر راحت علی نے بتایاکہ چھاپہ مارکارروائی کے دوران مرداربھینسیں برآمد کرلی گئیں جبکہ مالکان سمیت 20افراد کے خلاف تشدد ،کارسرکار میں مداخلت اور توڑپھوڑ کا مقدمہ درج کرادیاگیاہے ۔