پیپلز پارٹی نے آئندہ انتخابات کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی

پیپلز پارٹی نے آئندہ انتخابات کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی، این این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف علی زرداری نے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے وسیع مشاورت کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیدی ،سیاسی جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے فوری رابطوں کا آغاز کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی جبکہ جلسوں کا محاذ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سنبھالیں گے، رہنماؤں نے قیادت کو بلاول ہاؤس لاہور کو سیاسی سر گرمیوں کا مرکز بنانے کی بھی تجویز دیدی ۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے سیاسی محاذ گرمانے کیلئے متعدد فیصلوں کی منظوری دیدی ہے جس کے لئے وسیع پیمانے پر مشاورت کی گئی ہے۔ پس پردہ جوڑ توڑ اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا محاذ آصف علی زرداری جبکہ فرنٹ فٹ پر جلسوں کا محاذ بلاول بھٹو زرداری سنبھالیں گے ۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی نائب صدر میاں منظور احمد وٹو ، صدر وسطی پنجاب قمر زمان کائرہ ، سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار ، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر ، سابق وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی ، حاجی عزیز الرحمن چن ،ندیم افضل چن ،مصطفی نواز کھوکھر اوردیگر رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی ملاقات میں طے کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اب بھرپور انداز سے سیاسی محاذ گرمائے گی ۔بتایا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ کی پالیسی پر بھی فوری رابطوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے وسیع مشاورت کی گئی ہے۔ آصف علی زرداری پس پردہ جوڑ توڑ اور سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے جبکہ بلاول بھٹو فرنٹ فٹ پر سیاسی محاذ سنبھالیں گے اور بھرپور جلسے کریں گے ۔آصف علی زرداری نے پنجاب بھر میں بلاول بھٹو کے سیاسی جلسوں کی منظوری دیدی ہے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے ہر ڈویژن میں جلسے ہوں گے ، دوسرے مرحلے میں ضلع کی سطح پر جلسے ہوں گے ۔ جن جن ڈویژن میں تنظیمیں مکمل ہوچکی ہیں وہاں جلسوں کا شیڈول دیدیا جائے گا ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے بعد پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے سیاسی میدان سجائے گی ۔ آصف علی زرداری پنجاب بھر کے اضلاع میں سیاسی رابطے کریں گے ۔ سیاسی جماعتوں سے تعاون ، انتخابی ایڈجسٹمنٹ اور دیگر امور کو براہ راست آصف علی زرداری دیکھیں گے۔آصف علی زرداری نے بلاول ہاوس لاہور میں پیپلزپارٹی پنجاب کے ا رکان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ الیکشن ہمیں لڑنا نہیں دیا گیا لیکن آنے والا الیکشن بھرپور انداز سے لڑیں گے پوری انتخابی مہم میں لاہور کو مرکز بناوں گا ۔ انہوں نے کہاکہ وہ پنجاب میں آکر بیٹھ گئے ہیں جس وقت کا انتظار تھا وہ وقت آگیاہے گزشتہ انتخاب تو پیپلزپارٹی کو لڑنے نہیں دیا گیا مگر آنے والے الیکشن میں ہم بتائیں گے کہ کیسے الیکشن لڑا جاتاہے۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ اب لاہور کو مرکز بنالیا ہے آئندہ انتخابات میں ملک بھر میں جاوں گا مگر ان کا ڈیرہ اور مرکز لاہور ہی رہے گا۔ آصف علی زرداری نے پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں جاکر عوام سے رابطے کریں۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو بھی بھرپور انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔
آصف زرداری

مزید :

صفحہ اول -