عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ،اداروں کو خواب غفلت سے جاگنا ہو گا:شہباز شریف

عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ،اداروں کو خواب غفلت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عوام کو سہولتو ں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیر پر سخت برہمی اور متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیرکا کوئی جواز نہیں اور میں آئندہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ہارٹیکلچر،بس شیڈز کی تعمیر ،گرین بیلٹس کے قیام اوردیگرترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے کام کرکے نتائج دینا ہے ۔ اگر ادارے اپنے فرائض بہتر انداز میں سرانجام دیں تو مسائل حل ہوتے ہیں۔اداروں کو خواب غفلت سے بیدار ہوکرمربوط انداز سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں ہارٹیکلچر کو فروغ دیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو پھولوں اورپودوں سے دیدہ زیب بنایا گیا ہے ۔ ہمیں اپنے شہروں کو گرین بیلٹس،پھولوں اورپودوں سے گل وگلزار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے کیے گئے فیصلوں پر تیزرفتاری سے عملدر آمد کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے ۔صوبائی دارالحکومت کی بعض سڑکوں پر اب تک بس شیڈز نہ بننا قابل افسوس ہے ۔عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں میں تاخیر اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی اورہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے ڈویژن کی سطح پر اتھارٹیز کے قیام کا جائزہ لیاجائے۔مشیر خواجہ احمد حسان،لارڈ مےئر لاہورمبشرجاوید،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،وائس چےئرمین پی ایچ اے، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی،ڈی جی پی ایچ اے،متعلقہ سیکرٹریز، کمشنرلاہورڈویژن وڈپٹی کمشنر لاہور نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چےئر مین منصوبہ بندی و ترقیات ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔دوسری طرف ایک اوروزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے 36 اضلاع میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کے قیام کے امور اوراس ضمن میں تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ہیپاٹائٹس کی تشخیص کیلئے 9 ڈویژن میں جدید لیبز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی سائٹ پر سٹیٹ آف دی آرٹ پہلے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک نے کام شروع کر دیا ہے اور ایسے فلٹرکلینکس صوبے کے 36 اضلاع میں بنائے جائیں گے جو سیٹلائٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے 36 اضلاع میں ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس کے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے آئندہ 7 روز میں جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز صحت ، خزانہ ، مواصلات و تعمیرات ، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔دریں اثنائشہبازشریف سے پنجاب حکومت کو بینائی سے محروم افراد کیلئے 10 قرنیہ عطیہ کرنے والے سری لنکا کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صدر سری لنکا پاکستان فرینڈشپ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایسوسی ایشن افتخار عزیز ،صدر پاکستان سری لنکا فرینڈشپ اینڈ انویسٹمنٹ سردار رئیس منیر احمد، سیکرٹری پاکستان سری لنکا فرینڈشپ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ رئیس نبیل اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ قرنیہ کے عطیات حاصل کر کے بینائی پانے والے 4 افرادساہیوال کے محمد ارسلان،شیخو پورہ کے ناصر علی،رحیم یار خان کے عبدالحمیداورسیالکوٹ کے وسیم نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔قرنیہ لگانے والے میو ہسپتال کے ڈاکٹرز اسماء رفیق ،طاہرغفاراوروقاص زمان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سری لنکا کے وفد نے بینائی سے محروم افراد کیلئے مزید 10 قرنیہ عطیہ دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے بینائی سے محروم افراد کیلئے قرنیہ کا عطیہ دینے پر سری لنکا کے وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آنکھوں کی روشنی سے محروم افراد کیلئے قرنیہ کا تحفہ ایک نعمت ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے قرنیہ کا عطیہ ایک غیرمعمولی اور قابل تحسین اقدام ہے۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اورمتعلقہ حکام اس موقع پر موجود تھے۔شہبازشریف سے جاپان کے سرمایہ کاروں کے وفدنے ملاقات کی جس کی قیادت موری ناگا ملک انڈسٹریز کے صدر میشو میہارا کر رہے تھے۔ جاپانی سرمایہ کاروں نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی جانب سے صوبے میں شفافیت کی پالیسیوں ،شاندار انفراسٹرکچر اورسرمایہ کاری کیلئے بہترین اقدامات پر بھر پوراعتماد کااظہار کرتے ہوئے پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ موری ناگا ملک انڈسٹریز کے صدر میشو میہارا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی ساز گاراقدامات کیے ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی ہر شعبے میں شفافیت کی پالیسی کے باعث ہم صوبے میں سرمایہ کاری کررہے ہیں۔صوبائی وزیر شیخ علاؤالدین، ایم پی اے سائرہ افتخار، سیکرٹری صنعت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی ۔ وزیراعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل کی جانب بڑھ رہا ہے اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقی معنوں میں گیم چینجرثابت ہوا ہے ۔سی پیک نے پاکستان میں پائیدار ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے ۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -