نوازشریف نااہلی کا بدلہ ملک و قوم سے لے رہے ہیں،ولید اقبال

نوازشریف نااہلی کا بدلہ ملک و قوم سے لے رہے ہیں،ولید اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال سے گزشتہ روز تحریک انصاف سیالکوٹ کے رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ماڈل ٹاؤن دفتر میں ملاقات کی۔ عمرفاروق، مائرہ، زاہد باجوہ، بیرسٹرجمشیداور عمران خان پر مشتمل وفد نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ الیکشن کیلئے تیاریاں اور پارٹی امورپر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ میاں نوازشریف اپنی نااہلی کا بدلہ ملک و قوم سے لے رہے ہیں۔ پٹرول کی مسلسل مہنگائی کے بعد اب ڈالر کی قیمت میں بتدریج اضافہ (ن)لیگی حکومت کی سازشیں ہیں، جن کا مقصد عوام کو یہ باور کرانا ہے کہ میاں نوازشریف اقتدار میں تھے تو پٹرول مہنگا ہوا نہ ڈیزل اور ان کے بغیر اب ملک میں مہنگائی کا زبردست طوفان آگیا۔

ولید اقبال نے کہاکہ (ن)لیگی حکومت مت بھولے کہ ابھی انہی کی حکومت ہے، اس لئے ایسے بھونڈے اقدامات ان کے آگے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈالراورپٹرول کی قیمت میں اضافے سے آنیوالے دنوں میں مہنگائی کا زبردست طوفان آئیگا جبکہ گرمیوں میں عوام کو بجلی اتنی مہنگی ملے گی کہ لوگ استعمال کرتے خوفزدہ ہوں گے۔ ولید اقبال نے کہاکہ (ن)لیگ حکومت سے مثبت اور تعمیری کام کی امیدرکھنے والے ہمیشہ گھاٹے میں رہتے ہیں، یہ لوٹ مار اوردو نمبر کاموں کے ’’گرو‘‘ ہیں، لیکن عوام پرامید ہے کہ جلد یہ مافیا جیل میں ہوگا اورعوام کو ایذا رسانی کا سوچنے والوں کے بھی رونگٹھے کھڑے ہوں گے۔