ملک سیسیاسی، معاشی تفریق کو ختم کرنا ہو گا، ڈاکٹر حسین محی الدین

ملک سیسیاسی، معاشی تفریق کو ختم کرنا ہو گا، ڈاکٹر حسین محی الدین

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)منہاج القرآن کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان بین الکلیاتی مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ پاکستان کے اندر دو پاکستان بن چکے، ایک امیر کا پاکستان دوسرا غریب کا پاکستان ہے۔ غریب خوراک خریدنے کی سکت سے محروم اور بچوں سمیت زہر کھانے پر مجبورجبکہ امیر اپنے بچوں کو لاکھوں روپے ماہانہ فیسوں والے سکولوں میں پڑھاتے ہیں، یہ متعفن نظام رہے گا تو ظلم اور استحصال بھی رہے گا، قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ اس نے مزید کتنا ظلم سہنا ہے۔ سیاسی، معاشی تفریق کو ختم کرنا ہو گا۔ تقریب سے سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز چودھری، پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر فاروق، سینئر صحافی کالم نویس حامد ولیدودیگر نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی،میجر(ر) محمد احمد خان، پرنسپل منہاج گرلز کالج ڈاکٹر ثمر فاطمہ نے خطاب کیا، اعجاز چودھری نے کہا کہ قائداعظم کے بعد پاکستان کو ایماندار قیادت نہیں ملی، مال بنانے کیلئے پانی کی بجائے کوئلہ سے بجلی بنانے والے جہنم کا کوئلہ بنیں گے اور ملک کو لوٹنے کے گناہ میں قیامت کے دن ان کے چہرے سیاہ ہونگے۔ میاں عمران مسعود نے کہا کہ علم امن کے فروغ اور نوجوانوں کی تربیت کے عظیم مشن پر ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں، میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے عظیم ورثاء کو سلام پیش کرتا ہوں جو طاقتوروں کے سامنے ڈٹ گئے اور جھکنے، بکنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور ملک بچانے کے نام پر گھر بچانے کی منفی سیاست کا خاتمہ ہو نا چاہیے، پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر فاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن،اقربا پروری، ابن الوقتی اور مفاد پرستی کے باعث اس ملک میں انتہا پسندی ،دہشتگردی آئی اور آئندہ نسلوں کا مستقبل داؤ پر لگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے خلاف فتویٰ دے کر انسانیت کی مدد کی، انہوں نے کہا کہ میرا نعرہ جئے بھٹو بھی ہے اور جئے ڈاکٹر طاہرالقادری بھی ہے۔ سینئر صحافی حامد ولید نے کہا کہ تبدیلی اور نظام کی اصلاح کا عمل جاری ہے، آج پوری قوم اس بات پر متفق ہے کہ 1973 ء کے آئین کے ہر آرٹیکل پر اس کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کیخلاف دی جانیوالی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں اور نہ جائیں گی تمام تر برے حالات کے باوجود تطہیر کا عمل جاری ہے اور ملک آگے بڑھ رہا ہے، تقریب کے اختتام پر اول، دوم، سوم آنے والے طلباء و طالبات ادیبہ شہزادی، اسد ندیم اور محمود احسن میں انعامات تقسیم کیے اورمفتی عبدالقیوم ہزاروی نے دعا کروائی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -