ہیلتھ کیئر کمیشن کا اجلاس،ہسپتالوں کے فضلات کو ٹھکانے لگانے پر مشاورت

ہیلتھ کیئر کمیشن کا اجلاس،ہسپتالوں کے فضلات کو ٹھکانے لگانے پر مشاورت

  

لاہو ر ( جنرل رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کےئر کمیشن نے علاج گاہوں کے فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے صحیح انتظامات اورپنجا ب ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ رولز2014سے متعلق کم سے کم معیارات پر عمل در آمد کے حوالے سے گزشتہ روز ایک مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا، جس میں تما م اہم اداروں اور سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ،جن میں سرکاری محکموں، نجی علاج گاہوں کی انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نمائندے موجود تھے ۔ اجلاس کی صدارت کمیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے کی جبکہ ڈائریکٹر کلینیکل گورننس ڈاکٹر مشتاق احمد سلہریا نے شرکا ء کوموضوع پر تفصیلاًبریفنگ دی۔ شرکانے ہسپتالوں کے فضلات کو ٹھکانے لگانے کے لیے تجویز کیا کہ پنجاب سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ فنڈ کو فعال کیا جائے ، ڈویژنل کمیٹیاں اپنا کام سرانجام دیں ، تمام ایجنسیاں اور محکمے فضلے کو مستقل بنیادوں پر ٹھکانے لگانے ، متعلقہ اہلکاروں کو آگاہی اور تربیت فراہم کرنے، متعلقہ قواعدوضوابط پر عمل در آمد کو یقینی بنانے،کمیٹیوں کی سرگرمیاں ہر سطح پر مانیٹر کرنے اور ایجنسیوں اور محکموں کے درمیان رابطہ اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔پنجاب ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ رولز2014اور اس سلسلے میں بین القوامی رہنمائی کے مندرجات کی مدد سے مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک ٹیکنیکل ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز دی، جو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ،ایجنسی اور محکمہ برائے ماحولیاتی تحفظ اور ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے نمائندوں پر مشتمل ہو۔ اس کے علاوہ تمام ہسپتالوں میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جنہیں مختلف ذمہ داریاں اورموئثر کردار ادا کر نے کے لیے تربیت اور آگاہی فراہم کی جائے۔ مزید برآں پنجاب انوائرمینٹل پروٹیکشن کونسل کے سیکشن 3 ،پی ای پی اے 1997،(ترمیمات 2012)پر عمل در آمد شروع ہونے پر اظہار اطمینان کیاگیا۔ ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے قیا م سے پہلے ہسپتال کے فضلات کو ٹھکانے لگانے کے معاملے کو ایک مسئلے کے طور پر نہیں لیاجاتا تھا اور زیادہ تر علاج گاہیں اس سے متعلق قوائدوضوابط کو نظر انداز کر رہی تھیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اسے معمول کا کام تصور نہیں کرنا چاہئے اور تمام متعلقین کو آپس میں تعاون کرنا چاہئے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -