مریم نواز کے بطور چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام اقدامات اور احکامات کی تفصیلات کی طلبی کیلئے دائردرخواست پر جواب طلب

مریم نواز کے بطور چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام اقدامات اور احکامات کی تفصیلات ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کے بطور چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام اقدامات اور احکامات کی تفصیلات کی طلبی کے لئے دائردرخواست پر یوتھ لون پروگرام انتظامیہ سے جواب طلب کر لیاہے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے سید اقتدار حیدر کی درخواست پر سماعت کی جس میں مریم نواز کی بطور چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام احکامات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق یوتھ لون پروگرام انتظامیہ نہ تو مریم نواز کا تقرر نامہ فراہم کررہی ہے اور نہ ہی مریم نواز جاری کردہ احکامات کی دستاویزات دے رہی ہیں۔ درخواست گزار نے بتایا کہ پروگرام کی چیئرپرسن کی حیثیت پر مریم نواز کے شائع اشتہارات کے اخراجات کی تفصیل بھی نہیں دی جارہی، درخواست گزار کے مطابق یہ دستاویزات خفیہ نہیں ہیں ،آئین کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے ،اس لئے مریم نواز کی یو تھ لون پروگرام کی چیئرپرسن کے تقرر نامہ سمیت دیگر معلومات فراہم کی جائیں، درخواست پر مزیدسماعت 4 اپریل کو ہوگی۔یاد رہے کہ مریم نواز نے اس عہدہ پر اپنی تقرری لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا،اب درخواست گزار نے ان کے بطور چیئرمین احکامات کی تفصیلات کی طلبی کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -