پاکستان ،متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنر رہیں گے، خرم دستگیر

پاکستان ،متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنر رہیں گے، خرم دستگیر

  

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے پاکستان اور متحدہ عرب امارات قابل قدرسٹریٹجک پارٹنررہیں گے ،اعلیٰ سطح کے رابطوں سے دوطرفہ مثالی تعلقات میں مزید تیزی آئیگی۔ یہ بات پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سالم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وزیر دفاع نے نئی تقرری کے بعد ذمہ داری سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے آپ کے دور سفارت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ وزیر دفاع نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے صدر خلیفہ بن زائد النہیان کی کوششوں اور ویژن کو سراہا۔ ملاقات کے دوران موجودہ اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار اور باہمی طورپر دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ سفیر حماد ابراہیم سالم الزابی نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کیساتھ پہلے سے موجودہ دوستانہ اور قریبی خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں اور عہدے کو بروئے کار لاؤنگا ۔ وفاقی وزیر نے خاص طورپر دفاعی صنعت میں اشتراک کار بڑھانے کی تجویز پیش کی اس کے علاوہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کو تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔

وزیر دفاع

مزید :

صفحہ آخر -