لاہوراور گردو نواح میں طوفانی بارشیں، 84 فیڈر ،9 گرڈٹرپ کر گئے

لاہوراور گردو نواح میں طوفانی بارشیں، 84 فیڈر ،9 گرڈٹرپ کر گئے

  

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں جاری بارش کے باعث درجہ حرار ت میں کمی آ گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا ۔ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں منگل اور بدھ کی رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہوا جو وقفہ وقفہ سے گزشتہ سارا دن ہی جاری رہا۔ صوبائی دارالحکومت میں رات دو بجے کے قریب شہر اور ارد گرد کے علاقوں میں طوفانی بارش ہوئی ۔ یہ سلسلہ صبح تک جاری رہا ۔ دوپہر کے بعد ایک بار پھر شہر پر کالے بادل چھا گئے اور دن میں رات ہو گئی جس کے بعد ایک بار پھر تیز بارش ہوئی ۔ بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ۔ جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شہر میں ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئٹہ، ژوب،سکھر، پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور فاٹا میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا اور سینکڑوں فیڈرز اور درجنوں گرڈ ٹرپ کر گئے ۔ بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہنے کے باعث بحالی کے کام میں تاخیر ہوئی ۔ صوبائی دارالحکومت میں لیسکو کے 84 فیڈرز اور 9 گرڈٹرپ کر گئے جس کے باعث شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ۔ بحالی کے کام میں تاخیر ہوئی اور گزشتہ روز دوپہر تک ہی بحالی ممکن ہو سکی لیکن بعد دوپہر ایک بار پھر ہونے والی طوفانی بارش سے 57 فیڈرز اور 7 گرڈز ٹرپ کر گئے جن کی بحالی کا کام رات گئے تک جار ی رہا ۔ پنجاب و خیبر پختونخواہ کے بیشتر علاقوں میں بارش سے ان علاقوں میں بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہو گئی ۔ بارش کے باعث بجلی کی بندش کے باعث متاثر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی ضرورت نہیں پڑی جبکہ دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا تاہم مجموعی ڈیمانڈ میں کمی کے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دوراینہ کم رکھا گیا ۔ شہروں میں رات کے وقت بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بندرکھا گیا ۔

بارشیں

مزید :

صفحہ آخر -