وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔یہ درخواست سینئرقانون دان اے کے ڈوگر نے دائر کررکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں پانی اور بجلی بحران کو ختم کرنے کے لئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ضروری ہے، حکومتوں نے سیاسی بنیادوں پر کالا باغ ڈیم نہیں بنایا، لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔وکیل نے نشاندہی کی کہ مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ وزیراعظم جبکہ چاروں وزراء اعلیٰ اس کے ارکان میں شامل ہیں ، عدالتی کے فیصلے کے باوجود وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے ابھی تک عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرکے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں ،اس لئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے،عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 17 مئی تک ملتوی کردی۔

ڈیم

مزید :

صفحہ آخر -