پاکستان نے دہشگردوں کیخلاف مثبت اقدامات کئے ، مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرے : امریکہ
واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) پاکستان نے دہشت گردی اور دہشت گرد گروپوں کیخلاف درست سمت میں کچھ مثبت اقدامات کئے ہیں۔ تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ ان گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کے سلسلے میں زیادہ ذمہ داری دکھائے۔ پاکستان کے بارے یہ ملا جلا سرکاری ردعمل امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کی ایک تازہ پریس بریفنگ میں سامنے آیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان کا کریک ڈاؤن صرف طالبان تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ اسے حقانی نیٹ ورک اور دیگر نیٹ ورکس کے خلاف بھی ٹھوس کارروائی کرنی چاہئے۔ امریکی ترجمان نے واضح کیا کہ امریکہ پاکستان سے یہ ذمہ داری نبھانے کی توقع کرتا ہے جس کا ذکر صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس جنوبی ایشیاء سے متعلق اپنی حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کیلئے امریکہ نے اس کی دفاعی امداد منجمد کر دی تھی۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات کے بارے میں ایک مرتبہ پھر بتایا کہ اس میں خاص طور پر جنوبی ایشیاء کے بارے میں امریکہ کی نئی حکمت عملی پر عملدرآمد اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان مزید بہت کچھ کرسکتا ہے۔ طالبان کو پاکستان میں مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے بھی پاکستان کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔
امریکہ