پی آئی اے ، سٹیل مل عوام کی ملکیت ، کسی بھی طور بیچنے نہیں دینگے : بلاول بھٹو زرداری

پی آئی اے ، سٹیل مل عوام کی ملکیت ، کسی بھی طور بیچنے نہیں دینگے : بلاول بھٹو ...

  

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی جانب سے قومی پرچم بردار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز اور ملک کے سب سے بڑے لوہے کے کارخانے پاکستان اسٹیل ملز کو فروخت کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ حکومت مذکورہ قومی اثاثوں کی نجکاری کا عمل فی الفور روک دے ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس میں منعقد پارٹی رہنماوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی اور وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا پی آئی اے اور اسٹیل ملز کے مالک پاکستان کے عوام ہیں اور وہ "ایک خریدو، دوسرا مفت" جیسے مشکوک عمل کے ذریعے قومی اثاثوں کو نیلامی کے ہتھوڑے کے نیچے نہیں آنے دینگے ۔ یہ بہت بڑی بدیانتی ہے کہ ایک وزیراعظم جو اپنی ذاتی ایئرلائین منافع میں چلارہے ہیں، قومی پرچم بردار ایئر لائین کی مارکیٹ و روٹس ہتھیانے کیلئے پی آئی اے کو بیچنے پر تلے ہوئے ہیں، اسی طرح نواز شریف اور ان کا خاندان اندرون و بیرون ملک اپنے لوہے کے کارخانے بہت بڑے منافع میں چلا رہے ہیں لیکن پاکستان اسٹیل ملز کو جان بوجھ کر تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے تاکہ وہ اپنی اجارہ داری قائم کرسکیں۔ پاکستا ن پیپلز پارٹی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نجکاری کے بھی خلاف ہے۔ مذکورہ اداروں کے ملازمین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماوں کو کہا وہ پی آئی اے، اسٹیل ملز اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نام نہاد نجکاری کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں، انہوں نے میاں رضا ربانی کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر کی ٹریڈ یونینز سے ملک کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -