پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے : وزیر اعظم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان میں افغان سفیر عمرزخیلوال نے ملا قا ت کی ، گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں ہونیوالی اس ملاقات میں افغانستان میں پائیدار امن کے قیام اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر وزیر اعظم نے کابل میں ہونیوالے خود کش حملے کی شدید مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی گھڑی میں افغانستان کیساتھ ہیں، پاک افغان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون اہم ہے، اد ا ر ہ جاتی تعاون اور اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے ،پاکستان اور افغانستان کے درمیان مواصلاتی رابطوں کو مضبوط کیا جائے تاپی اور کاسا 1000منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ، پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے، وزیراعظم نے افغانستان میں افغانوں کی قیادت میں افغانستان کے اپنے امن کیلئے مصالحت کی کوششوں میں پاکستانی تعاون کا اعادہ کیا جبکہ افغان سفیر نے کہا دو طر فہ تعلقات میں مضبوطی کیلئے پاکستان کا کردار اہم ہے، افغان قیادت پاکستان کیساتھ تمام شعبوں میں با معنی تعاون کی خواہاں ہے۔افغان سفیر نے دوطرفہ تعلقات کیلئے وزیراعظم پاکستان کے اعادہ عزم کو سراہا اور وزیراعظم کو بتایا افغانستان کے صدر اشرف غنی اور افغان قیادت تمام شعبوں میں پاکستان کیساتھ بامعنی رابطوں کی خواہش رکھتے ہیں۔