حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کو مہنگا ئی اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا : سراج الحق

حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کو مہنگا ئی اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا : ...

  

دیر خاص(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ روپے کو خاک میں ملانے اور ڈالر کو کو سونے کا تاج پہنانے والے وہی معاشی جادوگر ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوام کو معاشی ترقی اور خوشحالی کے سبز باغ دکھاکر دھوکا دیا ۔ قومی دولت لوٹ کر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی ۔لندن ، دبئی اور سوئس بنکوں میں لوٹی گئی دولت جمع کرانے والوں نے روپے کی بے قدری کر کے ملکی معیشت کو تباہ کر دیاہے ۔ ہم حکومت کی معاشی پالیسی کی مذمت اور اسے مسترد کرتے ہیں جس نے عوام کو مہنگائی اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ متحدہ مجلس عمل ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں آئی ہے اب ملک سے منفی ، انتہا پسندانہ اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ اور شائستہ اور بااخلاق سیاست ہوگی ۔ ملک کی پانچ بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد قوم اور امت کے لیے خیر و برکت کا پیغام ہے ۔ عدالت عظمیٰ کے بار بار احکامات کے باوجود راؤ انوار کا گرفتار نہ ہونا ملک کے انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی ناکامی ہے، بالاآخر راؤ انوار نے خود عدالت میں آ کر گرفتاری دی ہے جس نے ثابت کر دیاہے کہ قانون صرف غریبوں کے لیے ہے ، بااثر لوگ ہمیشہ قانون سے ماورٰی سمجھے جاتے ہیں ۔ وزیراعظم کی اپنی ایئر لائن اور کمپنیاں مسلسل ترقی کر رہی ہیں جبکہ پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھاؤ بیچا جارہاہے ۔ پی آئی اے قومی ادارہ ہے ،اسے کسی صورت بکنے نہیں دیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دیر خاص میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صاحبزادہ طارق اللہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما رسول شاہ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندان سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ سراج الحق نے رسول شاہ کی جماعت اسلامی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایم ایم اے کی سیاست کا مقصد ملک میں شریعت کے نظام کا نفاذ ہے ہماری سیاست کسی خاندان ، جاگیردار اور وڈیرے کے اقتدار کے لیے نہیں بلکہ اللہ کے نظام کے لیے ہے ۔

سراج الحق

مزید :

علاقائی -