معاشرے کی ترقی میں ذرائع ابلاغ کا ایک مسلمہ کر دار ہے : مظفر سید ایڈوکیٹ

معاشرے کی ترقی میں ذرائع ابلاغ کا ایک مسلمہ کر دار ہے : مظفر سید ایڈوکیٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی میں ذرائع ابلاغ کاایک مسلمہ کردار ہے اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں اپنے حقوق کے حصول کیلئے بیداری لانے میں صحافتی برادری کی کاوشیں کسی سے پوشیدہ نہیں، اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے سلسلے میں غیر جانب داری اور عدم طرف داری صحافت کا سب سے بڑا اصول ہے اور صحافتی برادری اس متعین کردہ اصول پر عمل کرکے اپنی بے لوث خدمت کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنی کو ششیں جاری رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب تیمرگرہ میں انکے اعزاز میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اعزا ز الملک افکاری تیمر گرہ پریس کلب کے صدر اسماعیل انجم کابینہ کے دیگر عہدیداران اور صحافتی برادری کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس دوران مذکورہ پریس کلب کیلئے فراہم کئے گئے مالی تعاؤن اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صوبائی وزیر کو اعزازی ممبر شپ بھی دی گئی اور پریس کلب کے صدر اسماعیل انجم نے خطبہ استقبالیہ میں صوبائی وزیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صحافت کو ملک و قوم کا آئینہ اور صحافی کو تاریخ کا بہترین گواہ کہا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ صحافتی برادری اپنے قلم کے ذریعے سماجی و معاشرتی مسائل کی بخوبی عکاسی کرتی ہے اور اس کے ذریعے ارباب اختیار عوامی مسائل سے خبردار ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحافت رائے عامہ کو عام کرنے اور برائیوں کے تدارک میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور خیبر پختونخوا کے صحافیوں نے اس ضمن میں گراں قدر کا م کیا ہے جبکہ موجودہ حکومت صحافتی برادری کے اس کردار کی معترف ہونے کیساتھ ان کی جانب سے مزید تعاون کی خواہاں ہے کیونکہ کوئی بھی حکومت آج کے اس تیز تر مواصلاتی دور میں صحافت کے کردار کے بغیر اپنا کام صحیح انداز میں مکمل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پریس کلبوں کو سہولتوں سے مزین کرنے کیلئے گرانٹس فراہم کرتی ہے اور جرنلسٹ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے بھی صحافتی برادری کیساتھ تعاون کیا جاتا ہے۔