ایم سی کلرسیداں کا شعبہ صفائی کی کارکردگی پراحتجاج

ایم سی کلرسیداں کا شعبہ صفائی کی کارکردگی پراحتجاج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کلر سیداں(تحصیل رپورٹر) ایم سی کلر سیداں کے ماہانہ اجلاس میں ممبران شعبہ صفائی کی مایوس کن کارکردگی پر سراپہ احتجاج بن گئے۔عملہ صفائی تمام وارڈز پر صفائی کی طرف توجہ نہیں دیتا ،راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے اسسٹنٹ آپریشنز راجہ دانش کی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی شکایات،ممبر ایم سی اور سپروائزر کے درمیان تلخ کلامی۔روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا شیڈول نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کا مطالبہ۔پی ٹی آئی کے کونسلر نے مختلف کاموں کی نگرانی کیلئے بنائی گئی تمام کمیٹیاں برائے نام اور من پسند افراد پر مشتمل قرار دے دیں ۔تمام نشستوں پر ساؤنڈ سسٹم نصب کرنے کا مطالبہ،ایک کونسلر نے حلقہ بندیوں پر اعتراض کرتے ہوئے تحصیل کلر سیداں کو یکجا کرنے کی قرار داد پیش کر دی جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔مردے دفنانے کیلئے قبرستان موجود نہیں، اقلیتی کارکن کی دہائی۔بیشتر کنٹریکٹرز ایم سی کے چہیتے ہیں جو بروقت منصوبوں کی تکمیل پر توجہ نہیں دیتے،ایک کونسلر کی شکایت۔ ایم سی کلر سیداں کا ماہانہ اجلاس زیر صدارت وائس چےئرمین چوہدری محمد ضیارب منعقد ہواجس میں چیف آفیسر محمد خالد خان سمیت دیگر سرکاری آفسران اور کونسلرز موجود تھے۔اجلاس میں سابق اجلاس کی کارروائی کی توثیق کروانے پر ممبر ایم سی صوبیدار ظفر بیگ نے نکتہ اعتراض پر کھڑے ہو کر سابقہ اجلاس کی کارروائی مانگ لی اور کہا کہ جب تک سابقہ کارروائی پڑھ کر نہ سنائی جائے گی اس وقت تک اس کی توثیق نہیں ہو گی۔ ایجنڈے کی کاپی بروقت فراہم نہ کرنے کی بھی شکایت کر دی جس پر شیخ حسن ریاض نے بھی ان کے موقف کی تائید کی۔ان کا کہنا تھا کہ ایم سی کا نظام ٹھیک نہیں، ملازمین اکثر اپنی ڈیوٹیوں پر تاخیر سے پہنچتے ہیں اور جو آفس میں موجود ہوتے ہیں وہ اپنا کام کرنے کی بجائے خوش گپیوں میں مصروف دیکھائی دیتے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ۔آر ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، شعبہ کے انچارج آفس میں ہی موجود نہیں ہوتے جبکہ عملہ بات سننے کو تیار نہیں۔ممبر ایم سی چوہدری اخلاق حسین نے کہا کہ ٹینڈرنگ کمیٹی ٹینڈر طلب کرتے وقت انہیں اطلاع نہیں دیتی،طارق قریشی نامی کنٹریکٹر ایم سی کا چہیتا ہے جس کی کارکردگی انتہائی ناقص ہے۔جشن بہاراں میلے کے حوالے سے ممبر ساجد محمود بٹ نے تجویز دی کہ سپورٹس کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرے اور اس کی روشنی میں تمام پروگرامز کو ترتیب دیا جائے۔شیخ حسن ریاض، راجہ ظفر محمود، صوفی ضابر حسین نے فرنیچر کی خریداری کے سلسلہ میں تمام معاملات کو پرچیز کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز دی ۔صوفی ضابر نے کہا کہ ایم سی ہال میں دو عدد اے سی نصب کئے جائیں اور تمام نشستوں پر ساؤنڈ سسٹم لگایا جائے۔ممبر ایم سی عاطف اعجاز بٹ نے حلقہ بندیوں کیخلاف قرار داد پیش کرتے ہوئے تحصیل کلر سیداں کو یکجا کرنے کا مطالبہ کیا ۔اقلیتی کونسلر شمشیر مسیح نے کہا کہ ہمیں اپنے پیاروں کو دفنانے کیلئے ہاؤس سے منظوری لے کر قبرستان کیلئے جگہ وقف کروائی جائے۔راجہ ظفر محمود نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روک تھام اوران وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔کونسلر راجہ کامران عابد نے تمام وارڈزمیں کنٹینرز لگانے اور صفائی کا شیڈول نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کا مطالبہ کیا۔اجلاس میں مذبحہ خانہ میں بڑا جانور فی عدد سو روپے،چھوٹا جانور فی عدد پچاس روپے،پبلک لیٹرین کیلئے دس روپے فی کس کی منطوری دی گئی۔