بیساکھی میلہ میں شریک یاتری ہمارے مہمان ہیں،ڈی سی اٹک

بیساکھی میلہ میں شریک یاتری ہمارے مہمان ہیں،ڈی سی اٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حسن ابدال (نمائندہ پاکستان)میلہ بیساکھی میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہوں گے ۔ ان کو مکمل تحفظ دینا اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ گرودوارے میں داخل ہونے کیلئے فقط ایک گیٹ ہو گا ۔ ہر آنے والے سکھ یاتری کو سخت جامعہ تلاشی کے بعد اندر آنے کی اجازت دی جائے گی ۔ حفاظتی چوکیاں اور خفیہ کیمرے بھی لگائے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبارت نثار نے میلہ بیساکھی کے انتظامات کیلئے بلائے گئے مختلف محکموں کے سربراہوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گرودوارے کے اندر فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ تمام ادارے اپنی بھر پورذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میلہ بیساکھی کو احسن انداز سے گزارنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے منی ایکسچینج ، ڈاکخانہ ، بینک اور میڈیکل چیک اپ کی سہولیات فراہم کی جائے گی ۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے 1122 اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود ہوں گی ۔بجلی کی روانی کو بحال رکھنے کیلئے مکمل انتظامات موجود ہوں گے ۔ ریلوے اسٹیشن سے سکھ یاتریوں کو سخت سیکورٹی حصار میں گرودوارہ سری پنجہ صاحب لایا جائے گا ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ چیئرمین میونسپل کمیٹی حسن ابدال کی جانب سے سکھ یاتریوں کو مٹھائی پیش کی جائے گی ۔ جبکہ اسٹیشن پر ان کے استقبال کیلئے پوری ضلعی انتظامیہ اور معززین شہر موجود ہوں گے ۔ اجلاس میں ڈی ایس پی حسن ابدال حفیظ احمد اولکھ ، اسسٹنٹ کمشنر جنت حسین نیکوکارہ ، چیئرمین ایم سی ظہیر احمد بھیٹانوالہ ، AFCمحکمہ فوڈ مسعود اختر ، ایس ڈی او واپڈا ، چیف آفیسر بلدیہ ساجد علی خان ، ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر محکمہ اوقاف عبد اللہ اویس ، عصمت اللہ خان مروت، ایم ایس اور محکمہ تعلیم کے افسران موجود تھے ۔