لیاری میں 19 سے زائد پی ایم ٹیز لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار

لیاری میں 19 سے زائد پی ایم ٹیز لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) لیاری میں قائم ٹمبر مارکیٹ ایسو سی ایشن نے کے - الیکٹرک کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا ، جس کا مقصد ادارے کا شکریہ ادا کرنا تھا، کیونکہ لیاری کے علاقے میں 19 مزید پی ایم ٹیز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔سال 2016 میں کے الیکٹرک نے لیاری میں 4 عدد فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے آزاد کر کے عوام کوبڑی خوشخبری دی تھی، اور اب اس تعداد میں تیزی سے اضافہ کیا جا رہا ہے۔اسی لئے لیاری کے رہائشی افراد نے اظہار تشکّر کے لئے اس تقریب کا اہتمام کیا جس میں کے الیکٹرک کے اعلی افسران کے علاوہ علاقے کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ؛ کے الیکٹرک کی " اجالا" مہم کے تحت،حال ہی میں جس فیڈر کو لوڈ شیڈنگ سے آزاد کیا گیا ہے، اس میں 19 پی ایم ٹی شامل ہیں، اورلیاری کی ٹمبر مارکیٹ اسی علاقے میں واقع ہے۔ گذشتہ دنوں ہم نے اس علاقے میں تین نئے پی ایم ٹیز بھی نصب کئے ہیں، اور انفراسٹرکچر کو مزید موثر بنانے کے لئے ایریئل بنڈلڈ کیبلزلگائے ہیں، تاکہ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔کے الیکٹرک کے چیف آپریٹنگ آفیسرڈسٹریبیوشن،جناب آصف سعد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ؛ لیاری کے صارفین سے ایسی شاندار پزیرائی ملنے پر، کے الیکٹرک کی بے حد حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ ہم ایسے متوسط طبقات اور دیگر علاقوں میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔اس طرح ہمارے عملے کی حوصلہ افذائی بھی ہوتی ہے کہ دیگر علاقوں میں بھی"اجالا" مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایاجائے اور ایریل بنڈلڈ کیبلز کی تنصیب کے ذریعے نقصان ، چوری اور لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کی جائے۔کراچی ٹمبر مارکیٹ کے صدر - سلیمان سومرو نے کے الیکٹرک کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ؛ بنیادی ڈھانچے میں ایریل بنڈلڈ کیبلز کی تنصیب کے ذریعے بہتری لانے اور نئے پی ایم ٹیز کی تنصیب کے عمل سے اس علاقے میں رہائشی اور کاروباری صارفین کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ اب یہ علاقہ لوڈ شیڈنگ سے آزاد کر دیا گیاہے،تو ٹمبر مارکیٹ اور دیگر کاروباری صارفین کو بہت فائدہ حاصل ہو گا۔ رواں سال کے آغاز میں ساتویں بین الاقوامی CSR اجلاس اور اعزازی تقریب میں، کے الیکٹرک کے منفرد "اجالا" پروگرام کوبہترین CSR ایوارڈسے نوازا گیا۔اس پروگرام کے تحت یہ متحرک ادارہ اب تک متعدد علاقوں میں ایریل بنڈلڈ کیبلز، نئے ٹرانسفارمرز اور باکفایت کنکشنز کی تنصیب کے ذریعے شہریوں کے لئے بہترین سہولیات کا آغاز کر چکا ہے۔ 240 سے ذائدکمیونٹیز کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے اور 3600 سے ذائد پی ایم ٹیز کو اے بی سی میں تبدیل کردیا گیا ہے،اور30لاکھ افراد کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی لائی جا رہی ہے۔صدر ، لائنز ایریا، لیاقت آباد، غزدر آباد ، رحمت چوک ، الطاف ٹاؤن اور کیماڑی کے بہت سے علاقوں کو بجلی کی چوری سے محفوظ بنانے کے بعد لوڈ شیڈنگ اوربجلی کے تعطل میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ ماضی میں ان علاقوں میں بہت سے غیر قانونی کنکشنزموجود تھے جن کے باعث بجلی کے نظام میں زیادہ خرابیاں پیش آتی تھیں۔