پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں دھواں دار بیٹنگ کرکے ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے والے کامران اکمل کو بڑا جھٹکا لگ گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ کامران اکمل بہت اچھے بلے باز ہیں تاہم ہمارے وکٹ کیپر سرفراز احمد ہیں ۔ان کاکہنا تھا کہ عماد وسیم اور شاہد آفرید ی کی انجریز بڑے جھٹکے تھے ،محمد عامر کو کپتانی کی ذمہ داری دینا چاہتا تھا تاکہ پاکستان کے لیے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کپتان بھی پیدا کیے جا سکیں ۔
کامران اکمل کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال پر مکی آرتھر نے کہا کہ انہوں نے شاندار اننگز کھیلی، وہ بہت اچھے بیٹسمین ہیں تاہم ہمارے وکٹ کیپر سرفراز احمد ہیں۔پاکستانی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ کامران نے ویسٹ انڈیز میں خراب فیلڈنگ کی تھی اور صورت حال تبدیل نہیں ہوئی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا ہونا ضروری ہوتا ہے۔
محمد عامر کو اہم میچ میں کپتانی دینے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں محمد عامر کو ذمہ داری دینا چاہتا تھا، پی ایس ایل کا ایک مقصد پاکستان کے لیے کھلاڑی اور کپتان پیدا کرنا ہے، میں نے سوچا کہ محمد عامر کو ذمہ داری دینے سے ہم ایک اور پاکستانی کھلاڑی کو ایک ٹیم کی کپتان کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔ٹیم میں ہونے والی انجریز پر انہوں نے کہا کہ عماد وسیم اور شاہد آفریدی کی انجریز بڑے جھٹکے تھے، اگر وہ مڈل اوورز میں گیند بازی کررہے ہوتے تو صورت حال مختلف ہوسکتی تھی، دو بین الاقوامی کرکٹرز کو کھونا مہنگا ثابت ہوا۔