اٹھائیس سال بعد بھی باب پاکستان کی تکمیل کی تاریخ نہ دینے پر ہائی کورٹ برہم ،چیف سیکرٹری کو طلب کرنے کی وارننگ
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے باب پاکستان کے منصوبے کی تکمیل کے لئے کوئی حتمی تاریخ نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے منصوبہ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو خبردارکیا کہ آئندہ سماعت پر منصوبہ کی تکمیل کی حتمی تاریخ نہ بتائی گئی تو پھر چیف سیکرٹری پنجاب کو طلب کیا جائے گا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی اپیل پر سماعت کی جس میں 28 برس گزرنے کے باوجود منصوبہ کی تکمیل نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے، سماعت کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر باب پاکستان منصوبہ مکمل کرنے کی حتمی تاریخ نہ بتا سکے جس پر دو رکنی بنچ نے برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ کیا وجہ ہے کہ باب پاکستان منصوبہ 28سال سے مکمل نہیں ہو سکا ہے؟اپیل کنندہ کے وکیل شیزاز ذکا ءکے مطابق باب پاکستان کی تعمیر شروع ہوئے 28 سال ہو گئے لیکن منصوبہ مکمل نہ ہوسکا، وکیل نے نشاندہی کی کہ باب پاکستان کی تعمیر اور منصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔