بھائی نے بریگیڈیئر (ر) اسد منیر کی خود کشی سے متعلق اہم حقائق سے پردہ اٹھا دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) نیب میں کیس کی وجہ سے خودکشی کرنیوالے بریگیڈیئر(ر) اسد منیر کے بھائی خالد منیر نے کہاہے کہ بریگیڈیئر (ر) اسد منیر بہت حساس انسان تھے ،الزامات اوربد نامی برداشت نہ کرسکے۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے خالد منیر نے کہاکہ بریگیڈیئر (ر) اسد منیر بہت حساس انسان تھے ،الزامات اوربد نامی برداشت نہ کرسکے ، حساس آدمی کے لئے یہ بھی بڑی بات ہے کہ اس کو ہتھکڑی لگ جائے اور گھسیٹا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اسد منیر کے آخر ی خط سے پتہ چلا کہ ان کا نام ای سی ایل میں ہے ، اسد منیر نے چیف جسٹس کے نام خط چھوڑاہے جس میں چیف جسٹس سے نام کلیئر کرنے کی درخواست کی ہے ، اسد منیرسے ہتک آمیزسلوک کیا گیا ، نیب نے ان کو ایک مرتبہ نہیں بلکہ دس مرتبہ بنایا ،اسد منیر کے جان دینے کا مقصد رائیگا ں نہیں جانا چاہئے ، نیب میں جانے والا ہر شخص مجرم نہیں ہوتا ۔