نسل نو کو قرارداد پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے،شہبا ز ابن علی

نسل نو کو قرارداد پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے،شہبا ز ابن علی

لاہور ( پ ر )قوت عوام پارٹی کے صدر شہباز ابن علی نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 ء کو منٹو پارک میں منظور ہونے والی قرار داد ایک ایسا خواب ہے جو 79برس گزرنے کے بعد بھی اپنی تعبیر ڈھونڈ رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم جمہوریہ کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے تصور کو اپنے خون سے تصویر کیا لیکن بد قسمتی سے ہمارے حکمران اسے مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں ناکام رہے ہیں، ہمیں ایک قوم بننا تھا مگر ہم قومیتوں میں تقسیم ہو گئے جبکہ کرپشن اور اقرباء پروری نے پاکستان کے تصور کو دھندلا کے رکھ دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قرار داد پاکستان کے پس منظر اور اہمیت و افادیت سے روشناس کروانے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان دراصل نظریہ اسلام ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستانی قوم ابھی تک نظریہ پاکستان کی روح کو سمجھ نہیں سکی، پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ ہے اسلام دشمن قوتیں اس قلعے کومسمار کرنے کیلئے دہشت گردی اور فرقہ واریت کی آگ بڑھکانے میں مصروف ہیں اس سنگین صورتحال کا تقاضا ہے کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنی صفحوں میں اتحاد پیدا کر کے دشمن قوتوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائیں اور حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی کیلئے حکمران اور عوام قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے فلسفے اور اصولوں کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حقیقی منزل کے حصول کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کے عہد کی تجدید کریں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4