سینیٹر سراج الحق جماعت اسلامی کے دوبارہ 5سال کیلئے امیر منتخب
لاہور ( نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے ارکان کی اکثریت نے سینیٹر سراج الحق پر دوبارہ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں 2019-2024 ء پانچ سال کے لیے امیر منتخب کرلیا ہے ۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر چیف الیکشن کمشنر اسداللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی و دینی جماعت ہے جس میں 1941 ء سے الیکشن کا عمل تواتر کے ساتھ جاری ہے اور یوم تاسیس سے لے کر آج تک امیر جماعت اور مرکزی شوریٰ کے ارکان کا انتخاب ارکان کی آراء سے کیا جارہاہے ۔ آج تک کوئی بھی امیر اور شوریٰ بغیر الیکشن کے نہیں آئی ۔ جماعت اسلامی میں مرد وخواتین ارکان کو ووٹ کا برابر حق دیا جاتاہے جس طرح صوبائی اور ضلعی سطح پر مرد معاون الیکشن کمشنرز کا تقرر کیا جاتاہے ، اسی طرح خواتین کو بھی معاون الیکشن کمشنر ز مقرر کیا جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ وہ اسلامی جذبہ ہے جس کی بنیاد قرآن و سنت ہے ۔ جماعت اسلامی میں ہر سطح کے انتخابات میں جمہوریت کے تمام اصولوں کو پورا کیا جاتاہے ۔ امیر جماعت کا انتخاب اعلیٰ معیار کی جمہوریت کی زندہ مثال ہے ۔ اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ نے کہاکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس میں بیلٹ کے ذریعے تبدیلی آتی ہے ۔ جماعت اسلامی میں اقتدار کی منتقلی میں انا اور مفادات آڑے نہیں آتے ۔ الیکشن میں ووٹ لینے کے لیے کمپین ، بھاگ دوڑ ، نجویٰ اور رابطے نہیں کیے جاتے ۔ ہر ووٹر اپنی رائے کاآزادانہ استعمال کرتاہے اور خود جاکر زونل ، ضلعی ، صوبائی یا مرکزی دفتر میں اپنا ووٹ بیلٹ بکس میں ڈالتا ہے ۔ اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی جمہوریت کے فروغ اور آمریت کے خاتمہ کی جدوجہد کر رہی ہے تاکہ عوام کو ان کے حقیقی نمائندے میسر آ سکیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن ، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی ، حافظ سلمان بٹ ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور سیکرٹری الیکشن کمیشن جماعت اسلامی بلال قدرت بٹ ودیگر بھی موجود تھے ۔