آئی جی پنجاب کی ایس پی کمپلینٹسکوتمام شکایات ایک ہفتہ میں حل کرنے کی ہدایات

آئی جی پنجاب کی ایس پی کمپلینٹسکوتمام شکایات ایک ہفتہ میں حل کرنے کی ہدایات

لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں تعینات ایس پی کمپلینٹس کو تمام شکایات ایک ہفتہ کے اندر حل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ عوام کے لیے بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کی ہدایت پر تمام اضلاع میں تعینات کیے جانے والے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسرز دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں اور لوگوں کو نہ صرف ان کے مسائل کے حل میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے بلکہ ان کے قیمتی وقت اور پیسے کو بھی بچانے میں مدد مل رہی ہے۔پنجاب کے تمام اضلاع میں CrPc 22۔A/22۔Bکے تحت ایس پی کمپلینٹ کو تعینات کرنے سے بے گناہوں کے خلاف جھوٹے مقدمات میں کمی ہو گی۔ایس پی کمپلینٹ کی معاونت سے باقاعدہ انکوائری اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہی مقدمات کا اندراج ہو گا ۔جس سے معصوم شہریوں کوجھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کے واقعات کے ساتھ ساتھ تھانوں کی سطح پر اختیارات سے تجاوز کے واقعات میں بھی کمی واقع ہو سکے گی۔ اس سلسلے میں صرف گزشتہ 8 ہفتوں میں ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفس کی سطح پر صوبے بھر میں صرف پراپرٹی کے معاملات میں 1021مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ جن میں سے 555نامزد جبکہ 466نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

مزید : علاقائی