خصوصی افراد کیلئے سٹیٹ بینک کے قرضے کا خیرمقدم‘ اسلام آبادچیمبر

خصوصی افراد کیلئے سٹیٹ بینک کے قرضے کا خیرمقدم‘ اسلام آبادچیمبر

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسپیشل افراد کیلئے نیا کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار مزید بڑھانے کیلئے ایک آسان قرضہ سکیم جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جو قابل ستائش ہے کیونکہ اس سہولت کے فراہم ہونے سے اسپیشل افراد کاروبار سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملک کی اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور سٹیٹ بینک نے ان کو کاروبار کیلئے صرف پانچ فیصد انٹرسٹ ریٹ پر قرضہ فراہم کرنے کی اسکیم جاری کی ہے جس کا تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے کیونکہ اس سہولت کے ملنے سے اسپیشل افراد کو نیا کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو مزید ترقی دینے میں کافی مدد ملے گی۔یاد رہے کہ بینکوں اور ڈویلپمنٹ فنانس اداروں کی طرف سے اسپیشل افراد کو قرضہ فراہم کرنے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان ان کو سو فیصد ریفنانسگ فراہم کرے گا۔ اس سکیم کے تحت اسپیشل افراد زیادہ سے زیادہ پانچ سال کے عرصے کیلئے 15لاکھ تک بینکوں سے قرضہ حاصل کر سکیں گے۔اس اسکیم کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان بینکوں اور ڈویلپمنٹ فنانس اداروں کو ان کے بقایاجات قرضوں پر 60فیصد تک رسک کیوریج فراہم کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی اسپیشل افراد کو کاروبار کیلئے آسان قرضہ سکیم معیشت کیلئے کافی فائد مند ثابت ہو گی کیونکہ اس اسکیم سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نوجوانوں کیلئے بھی ایسی ہی پرکشش قرضہ سکیم فراہم کرنے پر غور کرے۔

تا کہ ہمارے زیادہ سے زیادہ نوجوان کاروبار شروع کرنے میں سہولت محسوس کریں جس سے بے روزگاری کم ہو گی، غربت و افلاس میں کمی ہو گی اورکاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔

مزید : کامرس