ممبر شپ کی تجدید نو کی آخری تاریخ 31مارچ ہے‘راولپنڈی چیمبر

ممبر شپ کی تجدید نو کی آخری تاریخ 31مارچ ہے‘راولپنڈی چیمبر

راولپنڈی( کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رکنیت کی تجدید نومہم شروع ہو چکی ہے جس کی آخری تاریخ31 مارچ ہے ،کاروباری برادری مقررہ تاریخ سے قبل رکنیت کی تجدید کروا لیں بصورت دیگر وزارتِ تجارت کے قوانین کے مطابق انکی رکنیت کے اختیارات منسوخ ہو جائیں گے اور ان کو جرمانے کے ساتھ اپنی رکنیت بحال کرنی پڑے گی۔یہ بات راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرملک شاہدسلیم نے چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں کہی انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی کامیابی اتحاد میں مضمر ہے چیمبر کی رکنیت جتنی زیادہ ہو گی افادیت بھی اتنی بڑھے گی اور حکومتی حلقوں میں پذیرائی بڑھے گی جس سے ممبران کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی چیمبر کی رکنیت کے لئے ٹیکس ادائیگی شرط ہوتی ہے جس کی وجہ سے چیمبر زملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور ٹیکس ریونیو میں بہتری کا باعث بنتے ہیں ۔

چیئرمین ممبرشپ کمیٹی خواجہ راشد وائیں نے کہا کہ چیمبر نے ممبران کے لئے جڑواں شہروں کے مشہور ہسپتالوں، لیبارٹریز اور کاروباری مراکز کے ساتھ باہمی سمجھوتے کر رکھے ہیں جنکی رو سے ممبران کو خصوصی رعایت کی پیشکش کی جاتی ہے، کاروباری ویزہ کے حصول ،آر اینڈ ڈی ،تجارتی وفود میں شرکت اور دیگر سہولیات کے علاوہ چیمبر فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش ہے جس کا ثبوت آر سی سی آئی فری میڈیکل کلینک کا قیام ہے ،راولپنڈی چیمبر ملک کا تیسرا بڑا اور پرانا چیمبر ہے جس کارکن بننا ازخود ایک اعزاز کی بات ہے۔اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی، مجلس عاملہ کے اراکین ودیگر ممبران بھی موجود تھے۔

مزید : کامرس