تھرکول سے بجلی کی پیداوار بڑی کامیابی ہے، اکانومی واچ

تھرکول سے بجلی کی پیداوار بڑی کامیابی ہے، اکانومی واچ

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ سالہا سال کی محنت کے بعد تھرکول سے بجلی کی پیداوار بڑی کامیابی ہے، ابتدائی طور پر 303 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر لی گئی ہے جبکہ ایک مہینے کے اندر پیداوار میں مزید اضافہ ہو جائے گا، اس سلسلہ کو جاری رکھنے سے درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کم ہوتا چلا جائے گا اور ملک کو کم از کم چھ ارب ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی اس کامیابی سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار تھر کی جانب متوجہ ہو گئے ہیں اور اس ضمن میں بھاری سرمایہ کاری کا امکان موجود ہے۔ تھر میں موجود کوئلے کے 175ارب ٹن کے ذخائر سے توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم کر کے جی ڈی پی شرح میں 4 فیصد اضافہ ممکن ہے جبکہ بجلی کی برآمد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ توانائی بحران پاکستان کے اہم مسائل میں شامل ہے جس نے ترقی کا راستہ روک رکھا ہے گرمیوں میں طویل لوڈ شیڈنگ سے عوام کی پریشانی میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ بجلی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے نمٹنے کے لئے بجلی کی پیداوار میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبہ کے نقصانات اور چوری روکنے کے لئے بھی معنیٰ خیز اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام اور صنعتی شعبہ کو سستی بجلی فراہم کی جا سکے اور صنعتی وزرعی ترقی کی راہ ہموار ہو جس سے بے روزگاری بھی ختم ہو جائے گی۔

مزید : کامرس