پروڈیوسر یوسف کے بھائی محمد ایوب کے قاتل گرفتار نہیں ہوسکے
لاہور(فلم رپورٹر)سٹیج پروڈیوسر یوسف کے بھائی محمد ایوب کے قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔قاتلوں کی نشاندہی اور ان کی ضمانتیں منسوخ ہونے کے باوجود پولیس والے گرفتاری میں مسلسل لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔یاد رہے کہ محمد ایوب رواں سال 10جنوری کو لارنس گارڈن کے سامنے مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا تھا ۔اپنے بھائی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے بارے میں ’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے پروڈیوسر یوسف نے بتایا کہ ہم شریف لوگ ہیں اور ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ہمارے والد محمد اشرف نے ہمیں ہمیشہ اچھائی کی تربیت دی ہے ۔
جن لوگوں نے میرے بھائی کو ناحق قتل کیا ہے ان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے ۔یوسف نے بتایا کہ میرا بھائی تو دنیا سے چلا گیا مگر پورے خاندان کو عمر بھر کا صدمہ دے گیا جب تک اس کے قاتل گرفتار نہیں ہوجاتے مجھے سکون نہیں ملے گا۔