صحت ، صفائی کا پیغام عام کرنے کیلئے سکول، مسجد ، منبر اور میڈیا کا کردار بڑھانا ہو گا: عارف علوی

صحت ، صفائی کا پیغام عام کرنے کیلئے سکول، مسجد ، منبر اور میڈیا کا کردار ...

اسلام آباد (آ ئی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لوگوں میں صحت و صفائی کا پیغام عام کرنے کے لئے سکول، مسجد و منبر اور میڈیا کا کردار بڑھانا ہو گا، نیا پاکستان اسی صورت بنے گا جب سب مل کر ہر اعتبار سے اسے آگے بڑھائیں گے۔ وہ جمعرات کو پراکٹر اینڈ گیمبل(پی اینڈ جی)پاکستان کی حکومت کے صاف سبز پاکستان پروگرام میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پی اینڈ جی پاکستان اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے درمیان صاف و سبز پاکستان پروگرام کے سلسلے میں شراکت داری کے لئے ایک ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں صحت و صفائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ احتیاط اور پرہیز علاج سے بہتر ہے کیونکہ عام امراض 46 فیصد متعدی بیماریوں پر مشتمل ہوتی ہیں جن سے صفائی و ستھرائی اختیار کر کے بچا ممکن ہے۔ ملک کے 40 فیصد بچوں میں ذہنی نشوونما کی کمی کی وجوہات میں غذائی قلت، حفظان صحت کے مسائل، اولاد میں مناسب وقفہ نہ ہونا اور کم عمری کی شادیاں شامل ہیں۔ اسی طرح بوتل بند پانی بھی ماحول پر ایک بوجھ ہے، اس کا حل پانی صاف کرنے کے طریقے متعارف کرانا ہے جو کم لاگت بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی صفائی انتہائی ضروری اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ ہمارے نبی حضرت محمد نے عرب میں پانی کی قلت کے باوجود طہارت پر بہت زور دیا۔ ہماری شاندار تاریخ ہے، ہمیں صحت و صفائی کے لئے شعور عام کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں سکولوں کے نصاب پر نظرثانی کرتے ہوئے بچوں میں صفائی، ستھرائی اور ہاتھ دھونے کی اہمیت کو بڑھانا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس حوالے سے سکول تبدیلی کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر