بیمار قیدی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج، خبرآگئی

بیمار قیدی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج، خبرآگئی
بیمار قیدی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج، خبرآگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے خرابی صحت کے مریض قیدی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ جیل کے میڈیکل آفیسر ذمہ دار ہیں ،انہیں کیا ضرورت ہے کسی کی زندگی سے کھیلیں۔

مسٹرجسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے کرپشن کے الزام میں کوٹ لکھپت جیل میں قید ملزم شاہد حسن اعوان کی درخواست پر سماعت کی ،عدالتی حکم پر سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت اور میڈیکل آفیسر جیل نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ قیدی شوگر کا مریض جیل میں زیر اعلاج ہے ،رپورٹس کے مطابق قیدی کی شوگر کنٹرول اور زخم میں بہتری آئی ہے ،بنچ کے رکن جسٹس مرزا وقاص رئوف نے ریمارکس دئیے کہ میڈیکل آفیسر ذمہ دار افسر ہیں انہیں کیا ضرورت ہے کسی کی زندگی سے کھیلیں؟ شوگر کا مریض ادویات کے ساتھ پرہیز بھی کرے ،بنچ کے سربراہ جسٹس ملک شہزاد احمد نے ریمارکس دئیے کہ موت کا تو کوئی علاج نہیں ،جیل میں ڈاکٹرز ادویات دے رہے ہیں ۔

رپورٹس کے مطابق مریض قیدی کی صحت کا خیال رکھا جارہا ہے اورزخم بھی بہتر ہے ، جیل سپرنڈنٹ نے عدالت کو بتایا کہ شوگر کا مریض پرہیز کرے اور واک کرے تو جلد صحت یاب ہو سکتا ہے ،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شاہد حسن اعوان کو کرپشن کے الزام میں 14 سال قید سنائی گئی ،ملزم جیل میں ہے اور شوگر کا مریض ہے ،اس کی ٹانگوں پر زخم بڑھتے جارہے ہیں ،مریض قیدی کے علاج کے لئے جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے ،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شوگر کے مریض قیدی کی جیل سے ہسپتال منتقلی کی استدعا مسترد کر دی ،جس کے بعد درخواست گزار کے وکیل نے اپنی درخواست واپس لینے کی استدعا کی ،جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے درخواست واپس لینے کی بناءپر خارج کردی۔