گیمز کھیلنے کے شوقین افراد کے لئے گوگل نے اب تک کی سب سے شاندار سروس متعارف کروادی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) گیمنگ بہت مہنگا شوق ہے کیونکہ گیمرز کو نئی نئی گیمز کھیلنے کے لیے کنسول یا کمپیوٹر ہارڈویئر پر مسلسل رقم خرچ کرنی پڑتی ہے، اور نئی گیمز بھی کچھ سستی نہیں ہوتیں۔تاہم اب گوگل نے گیمرز کے لیے ایسی شاندار سروس متعارف کروا دی ہے کہ ان کی ہارڈویئر پر خرچ ہونے والی رقم بچ جائے گی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس کلاﺅڈ گیمنگ سروس کا نام ’سٹیڈیا‘ (Stadia)ہے جو گوگل کی طرف سے گزشتہ روز سین فرانسسکو میں ہونے والی گیم ڈویلپرز کانفرنس میں متعارف کروائی گئی۔اس سروس کا مقصد AAAگیمز کو تمام گیمرز کی دسترس تک پہنچانا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پیچائی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ”سٹیڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے ہر شخص استعمال کر سکتا ہے۔ اس سروس کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو ہائی کوالٹی گیمز کسی بھی پلیٹ فارم پر مہیا کی جائیں تاکہ لوگوں کو ہارڈویئر پر جو رقم خرچ کرنی پڑتی ہے وہ بچ سکے۔ جب آپ کوئی گیم خریدتے ہیں تو وہ آپ کی ملکیت ہوتی ہے اور آپ کے پاس حق ہونا چاہیے کہ کہ آپ اسے کنسول، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر وغیرہ جس ڈیوائس پر بھی چلانا چاہیں چلا سکیں۔ ہماری یہ سروس لوگوں کو یہ حق مہیا کرے گی۔“