جنید جمشید کی آواز میں پڑھا جانے والا مفتی تقی عثمانی کا وہ کلام جس نے عالمگیر شہرت پائی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی میں اسلام اور ملک دشمن قوتوں کے سنگین ترین حملے میں محفوظ رہنے والے شیخ الحدیث اور ملک کے ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی بطور سکہ بند عالم دین تو مشہور ہی ہیں لیکن بہت کم لوگوں کو اس بات کا علم ہو گا کہ عالم اسلام کا یہ قابل فخر سرمایہ دینی علوم پر دسترس رکھنے کے ساتھ ساتھ نعت رسول مقبول ﷺ حمد باری تعالیٰ لکھنے میں بھی اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے ،ملک کے کئی نامور نعت خواں حضرات نے مفتی تقی عثمانی کا لکھا کلام پڑھا جس نے عالمگیر شہرت پائی ،مفتی تقی عثمانی کا کلام پڑھنے والے مشہور نعت خوانوں میں مرحوم جنید جمشید بھی شامل تھے جبکہ جنید جمشید کی دلکش اور پر سوز آواز میں ایک حمد ایسی بھی تھی جو زبان زد عام ہوئی ،وہ بھی مفتی تقی عثمانی کے قلم کا شاہکار تھی ۔
تفصیلات کے مطابق مفتی تقی عثمانی نعتیہ کلام لکھنے میں بھی اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے ۔ملک کے ممتاز نعت خواں اور طیارے حادثے میں شہید ہونے والے جنید جمشید گلوکاری ترک کرنے کے بعد دین اسلام کی طرف راغب ہوئے تو وہ اکثر دارالعلوم کراچی میں مفتی تقی عثمانی سے راہنمائی لیتے تھے جبکہ جنید جمشید نے اپنی دلکش اور پر سوز آواز میں مفتی تقی عثمانی کے قلم سے لکھے گئی کئی نعتیں اور حمد باری تعالیٰ بھی پڑھیں جنہیں کمال شہرت حاصل ہوئی ۔جنید جمشید مرحوم کی پر سوز آواز میں عالمی شہرت حاصل کرنے والا حمدیہ کلام ’’حرم کی مقدس فضاؤں میں گم ہوں ، میں جنت کی ٹھنڈی ہواؤں میں گم ہوں،میں بیگانہ ہو کر ہر ایک ماسوا سے ، بس ایک آشنا کی عطاؤں میں گم ہوں ‘‘مفتی تقی عثمانی کا لکھا گیا ایک ایسا ہی شاہکار ہے ۔
ویڈیو دیکھیں