آلائشوں سے تیل تیار کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور میں بڑا آپریشن،7 یونٹ سیل، 16ہزار 600 لیٹر تیل برآمد

آلائشوں سے تیل تیار کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور میں بڑا ...
 آلائشوں سے تیل تیار کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور میں بڑا آپریشن،7 یونٹ سیل، 16ہزار 600 لیٹر تیل برآمد

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب فوڈا تھارٹی نے لاہور یوں کو زہر آلود آئل کے استعمال سے بچا لیا،آلائشوں سے تیل تیار کرنے والے صحت دشمن عناصر کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 7فیٹ رینڈرنگ یونٹس سیل جبکہ16ہزار 600 لیٹر تیل ،39 چربی سے بھرے ڈرم، 36 بڑے کڑاہے اور 154نیلے ڈرمز ضبط کر لیے گئے ۔

نجی ٹی وی  کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے آلائشوں سے تیل تیار کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے  ڈبل سڑکاں لاہور کے علاقے میں چیکنگ کے دوران عبدالحمید، نعیم،نوید، حامد، سنی خرم، عمران اورطارق نامی7 فیڈ رینڈنگ یونٹس کر سیل کر دیا اور آلائشوں اورچربی سے نکلا 16ہزار 600 لیٹر تیل برآمدجبکہ 39 چربی سے بھرے ڈرم، 36 بڑے کڑاہے، 154نیلے ڈرمز بھی ضبط کر لیے گئے۔ویجیلنس سیل نے کھلے آئل کی چھوٹی دوکانوں پر سپلائی چین کی ریکی کر کے یونٹس کا پتہ لگایا اور کارروائی کی گئی۔

ڈ ی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ جعل ساز مافیا آلائشوں سے نکالا گیا تیل استعمال شدہ کوکنگ آئل میں ملا کر دوبارہ پیک کر کے فروخت کرتا تھا،فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران ضبط کیا گیا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر آئل بائیو ڈیزل کمپنیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے،آلائشوں اورچربی سے نکلا تیل ماحول کو آلودہ اور متعدد موذی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق آلائشوں سے نکلے تیل کی صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کی اجازت ہے، ملاوٹ اور جعل ساز مافیا کی دھوکہ دہی کی کوئی بھی ٹیکنیک کامیاب نہیں ہونے دیں گے،صوبہ بھر میں ملاوٹ سے پاک اشیائے خورونوش کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ْ

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور