گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مولانا فضل الرحمان کو ایسی پیشکش کردی کہ جے یو آئی کارکن بھی سر پکڑ لیں
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مولانا فضل الرحمان کو پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں وزیراعظم کے کورونا پر شک ہے تو عمران خان کو جاکر گلے لگا لیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ویکسین لگوانے سے کورونا نہیں ہوا، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بالکل غلط اور بے بنیاد ہیں،عوام کورونا کو سنجیدگی سے لیں اور کورونا ویکسین ضرور لگوائیں،مولانا فضل الرحمان شکست خوردہ اور تھکے ہوئے انسان ہیں، وہ کوئی بھی الزام کسی پر بھی لگا سکتے ہیں۔
گورنر سندھ نے پیش کش کی کہ اگر مولانا کو عمران خان کے کورونا پر شک ہے تو وہ وزیراعظم جاکر گلے لگالیں،مولانا فضل الرحمان غیر سیاسی اور ناسمجھ آدمی ہیں جنہیں پتہ ہی نہیں کہ آگے کیا کرنا ہے؟ اس لیے وہ کبھی دھرنا اور کبھی استعفے کی بات کررہے ہیں،مولانا اور ان کے ساتھیوں کو معلوم ہے کہ عمران خان روزانہ مضبوط سےمضبوط ترین ہورہے ہیں،چنددنوں کی بات ہےعمران خان نئی اننگز کا جلد آغاز کریںگے،اِس وقت پاکستان کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔