دورہ جنوبی افریقہ کی تیاریاں، قومی کرکٹرز انٹر اسکواڈ آج مد مقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)دورہ جنوبی افریقہ سے قبل کھلاڑیوں کی بھرپور تربیت کا عمل جاری ہے جبکہ کھلاڑی آج انٹراسکواڈ پریکٹس میچ کھیلیں گے، شاہین 26 مارچ کو پروٹیز کے دیس اڑان بھریں گے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹرز کا میلہ سج گیا، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے تیاریوں میں پہلا مکمل ریسٹ، کھلاڑی ہوٹل کے بائیو سکیور ببل میں بند رہیں گے۔ آج صبح ساڑھے 9 بجے پچاس اوور کا انٹر اسکواڈ پریکٹس میچ شیڈول، ٹارگٹ سیٹ کر کے بولنگ اور بیٹنگ کی ٹریننگ ہو گی۔ فیلڈنگ اور وکٹ کیپنگ پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔اس سے پہلے ہفتے کو تمام کھلاڑی کورونا ایس او پیز کے تحت دوسرے روز اِن ایکشن ہوئے، ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت سپورٹ اسٹاف کی زیر نگرانی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں جان ماری۔ محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ کی مہارتیں بھی دکھائیں، مزید پھرتیاں لانے، گر سیکھنے کے لیے اِن ایکشن ہوئے۔قومی شاہین ون ڈے اور ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے 26 مارچ کو چارٹڈ طیارے کے ذریعے جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔
جبکہ مقابلوں کا آغاز 2 اپریل سے ہو گا۔