جماعت اسلامی کا شاہدرہ میں کوڑا کرکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جماعت اسلامی کا شاہدرہ میں کوڑا کرکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(نمائندہ خصوصی)  امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ  شاہدرہ اور گرد و نواع کی آبادیاں مسائل کا گڑھ بن چکی ہیں۔ شاہدرہ موڑ فلائی اوور کی تعمیر،  امامیہ کالونی پھاٹک فلائی اوور کی تعمیر، شرق پور روڈ کی مرمت و تعمیر اور شاہدرہ میں کوڑا کرکٹ و گندگی نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ باغوں کے شہر لاہور کو نا اہل حکمرانوں اور انتظامیہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔جب تک لاہوریوں کے مسائل حل نہیں ہوتے جماعت اسلامی " اب جاگ میرے لاہور" مہم کے ذریعے  حکمرانوں کا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شاہدرہ موڑ پر " اب جاگ میرے لاہور " مہم کے سلسلے میں عوامی مسائل کے حل کیلئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں چوہدری محمود الاحد،امیر جماعت اسلامی شمالی لاہور سیف الرحمن، امیر جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ تحفہ دستگیر  خان، سیکرٹری جے یوتھ وسطی پنجاب جبران بٹ، گروپ لیڈر زاہد شباب بٹ، گروپ لیڈر علی عمران ، امیر پی پی 144 جہانگیر خان ، نائب امیر پی پی 144عبدالماجد، صدرجے آئی یوتھ لاہور عبداللہ اعجاز ایڈووکیٹ، مظہر ملک ایڈووکیٹ،  صدر شمالی لاہور حافظ عبدالرحمن سمیت تاجر برادری اور عوام الناس کی بڑی تعداد  نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی  صفائی اور امن و امان کے حوالے سے لاہور کو کراچی نہیں بننے دے گی۔ٹوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر، ہر طرف گندگی اور ٹریفک بد انتظامی جیسے مسائل شاہدرہ کی پہچان بن چکے ہیں۔اگر انتظامیہ نے شہر کے مسائل کے حل کیطرف فوری توجہ نہ دی تو اگلے مرحلے میں ہم حکمرانوں اور انتظامیہ کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے۔