جنرل ہسپتال، کورونا ویکسین کے اثرات جانچنے کیلئے نئے ٹیسٹ کا آغاز
لاہور(نمائندہ خصوصی)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و جنرل ہسپتال کی سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر ل ریسرچ لیب میں انسانی جسم پر کورونا ویکسین کے اثرات اور مرض کے خلاف پیدا ہونے والی قوت مدافعت جانچنے کیلئے سپائیک پروٹین ٹیسٹ کا آغازکر دیا گیا۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے اس ضمن میں بتایا کہ اس تحقیقی کام کے نتیجے میں یہ بات واضح ہو سکے گی کہ کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگنے کے بعد متاثرہ شخص کو بیماری کے خلاف مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے ویکسین کی مزید کتنی خوراکیں درکار ہیں۔اس موقع پر پی ایچ ڈی ہولڈر ڈائریکٹر سینٹرل ریسرچ لیب ڈاکٹر غزالہ روبی، ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق و دیگر بھی موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ حکومت کے تعاون سے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے ملنے والی مشین پر تحقیق کا کام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت کورونا ویکسین کے جینز پر اثرات کے 4مختلف ٹیسٹ بھی ہو رہے ہیں۔
موجودہ حکومت نے اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ کورونا وائرس کی روک تھام اور اس مرض میں مبتلا افراد کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے جو بھی فنڈز درکارہوں گے انہیں ہر صورت دیے جائیں گے۔